
امریکی ریاست ہوائی کے کوائی جزیرے میں بحریہ کے اڈے کے قریب ایک ٹھیکیدار کا ہیلی کاپٹر گرکر تباہ ہونے سے چار افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی دی گارجین کے مطابق پیسیفک میزائل رینج فسیلیٹی نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر صبح 10 بجے کے بعد شمال کی طرف گر کر تباہ ہوا جس میں سوار تمام افراد ہلاک ہوگئے اور ابتک کسی کا نام سامنے نہیں آسکا۔
اپنی پریس ریلیز میں پیسیفک میزائل رینج فسیلیٹی کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر کرومن کارپوریشن کی طرف سے تربیتی آپریشن کے لیے اڑایا گیا تھا۔
نیشنل ٹرانسپورٹ سیفٹی بورڈ نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ ایجنسی تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر اسکورسکی ایس 61این کی تحقیقات کر رہی ہے۔
اسکورسکی ایس 61این ہیلی کاپٹر کو 1959 اور 1980 کے درمیان اسکورسکی ایئرکرافٹ نے بنایا تھا، جو اب لاک ہیڈ مارٹن کا حصہ ہے۔ یہ ہیلی کاپٹر مال بردار یا 30 مسافروں کو لے جانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا۔
پیسیفک میزائل رینج فسیلیٹی کا کہنا تھا کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ پیسیفک میزائل رینج فسیلیٹی کوائی کے مغربی کنارے پر بحریہ کا ایک اڈہ ہے جہاں میزائل دفاعی ٹیکنالوجی کا تجربہ کیا جاتا ہے اور مختلف یونٹ مشقیں کرتے ہیں۔
from SAMAA https://ift.tt/HUWrB3y
0 Comments