پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کے حوالے سے ریحام خان کو ایک ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔
بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ریحام خان (آپ) کی کتاب کا حوالے دے کر بہتان تراشی کی جاتی ہے اور وزارت کی کارکردگی کو متنازع بنایا جاتا ہے۔ جس کی آپ نے کبھی تردید نہیں کی بلکہ ایسے الزامات پر مبنی مواد کو ری ٹویٹ بھی کرتی ہیں۔
دیئے گئے نوٹس میں ریحام خان سے 14 روز میں وضاحت اور معافی مانگی گئی ہے، جب کہ ایسا نہ کرنے کی صورت میں عدالت سے سخت سزا اور ایک ارب ہرجانہ ادا کرنے کا کہا گیا ہے۔
ریحام خان کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مراد سعید کے خلاف آپ کی تحریر کو بنیاد بنا کر کردار کشی اور بہتان تراشی کی جاتی ہے۔ مراد سعید پاکستان تحریک انصاف کے طلبہ تنظیم کے بانی صدر رہے ہیں۔ انہوں نے پورے پاکستان میں انصاف یوتھ ونگ کو منظم کیا اور ججز بحالی تحریک، ڈرون حملوں کے خلاف مہم، دہشت گردی کے خلاف اور دیگر تحریکوں اور عوامی ایشوز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
نوٹس کے مطابق مراد سعید کو 2013 کے انتخابات میں اپنی سیاسی جدوجہد کی وجہ سے پارٹی ٹکٹ ملا اور ریکارڈ ووٹ کے ساتھ رکن اسمبلی بنے۔ انہوں نے پارلیمانی اور سیاسی میدان میں متحرک کردار ادا کیا اور ملک کی سیاست میں نام بنایا۔ اسی طرح 2018 کے انتخابات میں اپنی جماعت کے ٹکٹ پر دوبارہ عوام کا اعتماد ملا اور بڑی کامیابی حاصل کی۔ ستمبر 2018 میں مراد سعید کو وزیر مملکت کا عہدہ دیا گیا اور حکومت کے وژن کے مطابق پہلے سو دن میں وزارت کے اہداف حاصل کر کے وفاقی وزیر بن گئے۔
اس دوران مراد سعید نے سابقہ فاٹا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے کامیاب انتخابی مہم میں اپنی جماعت کی بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے پارٹی کا پیغام بہترین انداز میں پہنچایا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ حال ہی میں وزارتوں کو دیے گئے اہداف کی تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں مراد سعید کی وزارت کو دیے گئے 88 اہداف کو سو فیصد حاصل کر نے پر پہلا نمبر ملا۔ جس کے بعد آپ کے مسودہ کا حوالہ دے کر وزارت مواصلات کی کاکردگی کو متنازع بنایا گیا۔
جس سے درخواست کنندہ کی ہتک کے علاوہ وزارت سے منسلک اہلکاروں کی بھی حوصلہ شکنی ہوئی۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مراد سعید کی تمام کامیابیوں کو متنازع بنانے کے لیے آپ کی تحریر کا حوالہ دے کر بہتان تراشی اور غلیظ پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے۔ آپ کے نام سے پہلے ایک مسودہ لیک ہوا جس کی آج تک آپ نے تردید نہیں کی اور بعد میں شائع کردہ مسودہ کا حوالہ دے کر مراد سعید پر تہمت لگائی گئی۔ آپ نے ان تمام باتوں کی کبھی تردید نہیں کی بلکہ اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ان کو ری ٹویٹ بھی کیا۔ جس سے مراد سعید کی ساکھ کو نقصان پہنچا۔
آپ 14 دن کے اندر اپنی تحریر کی وضاحت کر کے معافی مانگیں ورنہ قانونی کاروائی کے لیے تیار ہو جائیں۔ ریحام خان کو بھیجے گئے نوٹس کے ساتھ مختلف ٹی وی پروگراموں، تقریروں اور سوشل میڈیا کی پوسٹس بھی منسلک کی گئی ہیں اور ان کی وضاحت بھی مانگی گئی ہے کیونکہ ان تمام بہتانوں میں آپ کی تحریر کا نہ صرف حوالہ ہے بلکہ آپ اس کو ریٹویٹ بھی کرتی رہی ہیں۔
from SAMAA https://ift.tt/bM7sVGt
0 Comments