کراچی کے شہریوں کے لئے بجلی مہنگی کردی گئی۔
ترجمان نیپرا نےبتایا کہ کےالیکٹرک کے صارفین کیلئے بجلی 3 روپے 27 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی گئی ہے۔ یہ اضافہ جنوری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا۔
نیپرا کےمطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق اپریل کے بلوں میں ہوگا ا ور اس سے کراچی کے صارفین پر 3 ارب 58 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
نیپرا کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
سترہ فروری کو نیپرا نے کےالیکٹرک صارفین کے لیے بجلی 1 ماہ کے لیے 2 روپے 59 پیسے سستی کی تھی۔نیپرا نوٹیفکیشن میں بتایا گیا تھا کہ بجلی کی قیمت میں کمی دسمبر 2021 کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی۔
قیمتوں میں کمی کے فیصلے سے کراچی والوں کو مارچ کے بلوں میں 3 ارب روپے کا ریلیف ملا تھا تاہم ماہانہ 300 یونٹ استعمال کرنے والے اور زرعی صارفین پر فیصلے کا اطلاق نہیں ہوا تھا۔
واضح رہے کہ کے الیکٹرک نے درخواست دسمبر 2021 کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی تھی۔
حکومت نے بجلی کے نرخوں کے تعین کا اختیار نیپرا سے واپس لینے کا فیصلہ کیا ہوا ہے جس کیلیے پاور ڈویژن نے 5 سالہ نیشنل انرجی پلان تیار کیا۔
پاور ڈویژن کے دستاویز کے مطابق کےالیکٹرک کے آپریشنز بھی مرکزی سسٹم آپریٹر کے زیر انتظام ہوں گے، پلان کے تحت حکومت نیپرا ایکٹ میں ضروری ترامیم کرے گی اور ہر 5 پانچ سال بعد یکساں ٹیرف کو جاری رکھنے یا ختم کرنے کے فیصلے کا جائزہ لیا جائے گا۔
اس کےعلاوہ نیپرا دستاویز کے مطابق ایک سال کے دوران خام تیل، ایل این جی، درآمدی کوئلے کی قیمت میں اضافے کے پیش نظر بجلی کی پیداواری لاگت 100 فیصد سے بڑھ گئی۔
نیپرا کے دستاویز کے مطابق جنوری 2021 میں بجلی کی پیداواری لاگت 6.61 روپے فی یونٹ تھی جو جنوری 2022 میں 100 فیصد سے بڑھ کر 12.68 روپے فی یونٹ ہوگئی۔
from SAMAA https://ift.tt/2aolh4t
0 Comments