پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کے رجحان میں 43 ہزار پوائنٹس کی حد بحال ہوگئی۔
پیر 30 مئی کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں صبح ساڑھے گیارہ بجے دوران ٹریڈنگ 100 انڈیکس میں 350 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور انڈیکس 43210 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کررہا تھا۔
27 مئی بروز جمعہ کو ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100انڈیکس 43 ہزار 541 پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا تھا تاہم بعد ازاں دوسرے ٹریڈنگ سیشن میں سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع حاصل کرنے کی غرض سے حصص فروخت کا رجحان شروع ہوا، جس کے نتیجے میں تیزی کے اثرات محدود ہوگئے اور کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 319 پوائنٹس اضافے سے 42 ہزار 861 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔
جمعہ کو مجموعی طور پر 368 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں 223 کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 131 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ 14 کے حصص کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 64 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوا جبکہ حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی جمعرات کی نسبت 34 فیصد زائد رہا۔
جمعہ کو کاروبار کے آغاز پر تیزی کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس میں 43 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی بحال ہوگئی تھی۔
اسٹاک سرمایہ کاروں کے مطابق حکومت نے تیل کی قیمتوں میں اضافہ کردیا جس کے نتیجے میں آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کی راہ ہموار ہوگئی۔
آئی ایم ایف کی بڑی شرط پوری ہونے پر سرمایہ کاروں میں زبردست جوش وخروش دیکھا جارہا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل لانگ مارچ ختم ہونے پر سیاسی عدم استحکام کی صورتحال میں بہتری آنے پر جمعرات کو بھی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی اور انڈیکس میں 529 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/sItlRJS
0 Comments