پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں اوگرا حکام ، وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست 27 مئی کو جمع کرائی گئی۔
ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ حکومت نے کابینہ کی منظوری کی بغیر پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔ درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی اقدام غیر قانونی ہے۔
عدالت سے استدعا کرتے ہوئے درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو کالعدم قرار دیا جائے۔
واضح رہے کہ وفاق کی جانب سے گزشتہ روز 26 مئی بروز جمعرات کو پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا گیا تھا۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی سے 15 دن میں 55 ارب روپے کا نقصان برداشت کرچکے ہیں، آئی ایف ایم پیٹرول ڈیزل کی قیمتیں بڑھانے تک قرضہ نہیں دے گا۔
وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ايم ايف نے قيمتيں بڑھانے کا کہا تھا مگر قيمتيں بڑھانے کا فيصلہ رياست کيلئے بھی بہتر ہے، قيمتوں ميں اضافے کے بعد آئی ايم ايف سے بات چيت ميں بہتری آئے گی۔
وزیرخزانہ نے یہ بھی کہا تھا کہ جس قيمت پر ہميں پيٹرول مل رہا ہے اس سے 56 روپے کم پر دے رہے ہيں اسلئے شہباز شريف نے بہت بڑا اور مشکل فيصلہ ليا ہے۔
مفتاح اسماعیل کے مطابق قیمت میں اضافے کے بعد ایک لیٹر پیٹرول 179.86روپے ، ایک لیٹر ڈیزل 174.15 روپے اور لائٹ ڈیزل 148.31 روپے فی لیٹر ہو جائے گا۔
عمران خان کا ردعمل
سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا تھا۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر سابق وزیراعظم نے لکھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ نااہل امپورٹڈ حکومت نے روس کے ساتھ ہماری کوششوں کو جاری رکھنے کے بجائے پیٹرول اور ڈیزل 30 روپے مہنگا کر دیا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ امریکا کے اسٹریٹجک پارٹنر بھارت نے روس سے سستا تیل لیا مگر امپورٹڈ حکومت نے روس سے 30 فیصد سستا تیل لینے کی کوشش نہیں کی۔
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ہماری حکومت گرانے والے سازشی ٹولے کے اس اقدام سے مہنگائی کا طوفان آئے گا۔
بھارت میں پیٹرول سستا ہوگیا
قبل ازیں رواں ماہ بھارت کی وزیر خزانہ نرملا سیتا رامن نے اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو قابو کرنے اور مہنگائی میں پستی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے پیٹرول اور ڈیزل پر ٹیکسوں میں کمی کا اعلان کیا تھا۔
ٹیکسوں میں کمی سے پیٹرول کی قیمت فی لیٹر ساڑھے نو جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 7 بھارتی روپے کم کی گئی۔
خیال رہے کہ بھارت میں ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت 105.41 بھارتی روپے جب کہ ڈیزل کی قیمت 96.67 بھارتی روپے ہے۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/oZQcPUh
0 Comments