عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ایک ووٹ کی اکثریت کی 11 اتحادی جماعتیں جتنا بھی زور لگالیں دنیا کی کوئی طاقت انہیں گھر جانے سے نہیں روک سکتی
ٹوئٹر پر اپنے بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ ایک ووٹ کی اکثریت، بیساکھیوں کا سہارہ اور آئی ایم ایف کی خیرات، کیسے چلے گی یہ حکومت۔ عمران خان اگر گھر میں بھی بیٹھ جائے تو یہ 11 جماعتی حکومت ایک ماہ بھی نہیں چل سکتی۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا جو طوفان آنے والا ہے اس پر حکومت عوام کے غیض و غضب سے بچ نہیں سکتی، ملک وہاں پہنچ گیا ہے جہاں سیاسی پارٹیوں کے چلانے کا بس نہیں۔
شیخ رشید نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ یہ نیب، ایف آئی اے اور اے این ایف میں اپنے افسر لگوائیں گے، کیس ختم کروائیں گے اور گھر چلے جائیں گے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ اگلے مہینے جب لوگ نکلیں گے تو وہ کسی کے کہنے پر بھی واپس نہیں جائیں گے کیونکہ ان کے گھر میں صرف بھوک ان کا انتظار کررہی ہے۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ایک ووٹ کی اکثریت کی 11 اتحادی جماعتیں جتنا بھی زور لگالیں دنیا کی کوئی طاقت انہیں گھر جانے سے نہیں روک سکتی، ان میں تباہ حال معیشت بچانے کی کوئی صلاحیت نہیں، آج بھی یہ مال بنانے ، کیس بچانے اور گھر جانے کے لئے آئے ہیں۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/vWl8CjG
0 Comments