عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کہنا ہے کہ گزشتہ روز سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں خون خرابا ہوا، اگر 17 جولائی کے ضمنی انتخابات میں بھی اسی طرح ہوا تو ذمہ دار 12 رکنی اتحاد ہوگا۔
اسلام آباد کچہری کے باہر وکلا اور شہریار آفریدی کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کہنا تھا کہ اس کورٹ سے 4 کیسز میں ضمانت ہوگئی ہے، اور اب دوسری کچہری جارہے ہیں۔
شیخ رشید نے بتایا کہ ایک دن میں 7 کیسز میں پیشی ہے اور یہ تمام کیسز جھوٹ پر مبنی ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ جو سازش کی گئی، جس طرح قانون کا مذاق بنایا گیا، اور جس طرح عالمی سازش کے ذریعے عمران خان کو عدم اعتماد کا شکار کیا گیا ہے، اس سے عمران خان کی سیاست کم نہیں بلکہ عوام میں مقبولیت مزید بڑھ گئی ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز سندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں جس طرح دھاندلی ہوئی، ڈاکو آئے اور نواب شاہ سے بیلٹ بکس اور بیلٹ پیپرز اٹھا کر لے گئے، پریذائیڈنگ افسروں کو اغوا کرلیا گیا، فائرنگ میں عام لوگ مرگئے، یہ ذمہ داروں کے لئے سوالیہ نشان ہے۔
سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ پنجاب میں 20 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہونے والے ہیں، میں تمام ذمہ داروں سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ بہتر انتظامات کریں۔ شیخ رشید نے پیشگوئی کی کہ اگر 17 جولائی کو گزشتہ روز ہونے والی غنڈہ گردی کی طرح ہوا، اسی طرح کی چور بازاری ہوئی تو ملک میں انارکی پھیلے گی، جمہوریت کو نقصان ہوگا، معیشت جو پہلے ہی زبوں حالی کا شکار ہے وہ مزید خراب ہوگی۔
سابق وزیر نے کہا کہ الیکشن کمیشن یہ بات ذہن میں رکھے کہ اگر 26 جون کے بلدیاتی انتخابات کی طرح 17 جولائی کو بھی ہوا تو پھر اللہ خیر کرے کچھ بھی ہوسکتا ہے، اور اس کی ذمہ داری 12 رکنی اتحاد پر ہوگی۔
واضح رہے کہ آزادی مارچ میں توڑ پھوڑ کے کیسز میں سابق وزیرداخلہ شیخ رشید ،پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی اور خرم نواز کی ضمانت قبل ازگرفتاری منظور کرلی گئی۔
سیشن کورٹ اسلام آبادکے جج کامران بشارت مفتی نے درخواست ضمانت پر سماعت کی، عدالت نے ملزمان کو 5،5ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دیا۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/jISyKTu
0 Comments