مون سون کے آغاز پر جہاں پاکستان بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے وہیں جون کے ماہ میں لوگوں نے برفباری کے مزے میں لے لیے۔ جب کہ کراچی والے تیز ہواؤں کے جھکڑ اور بادلوں کے گشت پر ہی خوش ہوگئے۔
مظفر آباد
آزاد کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جہاں موسم سرد ہوگیا۔ شدید بارش اور برفباری سے نظام زندگی مفلوج اور رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔ موصول اطلاعات کے مطابق وادی نیلم میں بجلی اور فون کا نظام بھی متاثر ہوا۔ رتی گلی، بابون، شونٹھر سمیت دیگر بلند مقامات کی سڑکیں عارضی طور پر بند ہوگئیں، جب کہ شدید بارش سے ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے۔
بلوچستان
ملک کے ایک حصے میں برفباری تو بلوچستان میں سیلابی صورت حال کا سامنا ہے۔ پری مون سون بارشوں کے نئے سلسلے نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں جل تھل ایک کر دیا۔ بلوچستان کے ضلع کوہلو اور گردونواح میں رات گئے موسلا دھار بارش کے بعد سے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔ مختلف ندی نالوں میں نچلے درجے کا سیلاب آنے کے بعد سوناری کے مقام پر قومی شاہراہ کا حصہ سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے کوہلو کا کوئٹہ سمیت اندرونِ بلوچستان سے زمینی رابطہ کٹ گیا۔
بارکھان میں بادل برسے اور اولے بھی پڑے، کوہلو کے علاوہ موسیٰ خیل، شیرانی، ڈیرہ بگٹی، ہرنائی، ژوب، دکی اور کوہِ سلیمان کے پہاڑی سلسلوں میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔ کوہلو کی تحصیل ماوند و ملحقہ علاقوں میں موسلا دھار بارش کے بعد سے نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے۔ سیلابی ریلے سے سوناری کے مقام پر جزوی بحال ہونے والا قومی شاہراہ کا حصہ پانی میں بہہ جانے اور کوہلو کا کوئٹہ سمیت اندرونِ بلوچستان سے زمینی رابطہ منقطع ہو جانے کے بعد شہریوں کو کوہلو کوئٹہ قومی شاہراہ پر سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
لیویز حکام کے مطابق سوناری نالہ اور منجھرا میں اونچے درجے کا سیلابی ریلہ گزر رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجۂ حرارت وادیٔ کوئٹہ میں آج 21 ڈگری سینٹی گریڈ ، زیارت میں 12، بارکھان میں 15، ژوب میں 16، قلات میں 17، سبی میں 22، خضدار میں 24، لسبیلہ میں 25 اور گوادر میں 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
آج کوئٹہ، سبی، کوہلو، زیارت، چمن، ہرنائی، لورا لائی اور شیرانی میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ موسیٰ خیل، بارکھان، ژوب، قلات، خضدار اور لسبیلہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں چند مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کاامکان ہے جبکہ دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔
اٹک شہر اور گرد و نواح میں تیسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جب کہ موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقوں میں سڑکیں زیرآب آگئیں۔ بارش سے دریاؤں میں پانی کی سطح بھی بلند ہونا شروع ہوگی ہے۔
کراچی
مون سون کی آمد پر شہر قائد پر بھی بادلوں کا گشت جاری ہے، جب کہ کچھ علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ میٹ آفس کے مطابق شہر کا درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق شہر کا درجہ حرارت 35 سے 37 تک جا سکتا ہے، رواں ماہ کے آخر یا آئندہ ماہ کے آغاز میں کراچی میں تیز بارش کا امکان ہے۔
بدھ کے روز خیبرپختونخوا، بالائی وسطی پنجاب ، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیرمیں دن کے اوقات میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جب کہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارشوں کے باعث 24 گھنٹوں کے دوران 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوئے۔ 4 مویشیوں سمیت 13 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔جانی و مالی نقصانات کے واقعات ڈی آئی خان میں پیش آئے۔ خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں سے ایک گھر منہدم جبکہ تین بچے زخمی ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو پیشگی حفاظتی اقدامات کی ہدایات جاری کی ہیں جب کہ تمام اضلاع کے ساتھ پی ڈی ایم اے رابطے میں بھی ہے۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/OIlMPhx
0 Comments