Ticker

6/recent/ticker-posts

Advertisement

Responsive Advertisement

مون سون کی دھواں دھار انٹری،راجن پور، لورالائی،چترال میں سیلاب سے تباہی

ملک بھر میں مون سون ( Monsoon ) کے دھواں دھار تیسرے اسپیل نے کراچی ( Karachi ) میں بھی انٹری دے دی، جہاں مختلف علاقوں میں ہلکی سے معتدل بارش کا سلسلہ رات سے جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر 2 بجے کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

بارش برسانے والا مون سون سسٹم سندھ پر اثر انداز ہوگیا، جو 28جولائی تک برقرار رہ سکتا ہے۔ آج دن میں گرج چمک کے ساتھ تیزبارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

دوپہر 2 بجے کے بعد گرج چمک کے ساتھ برسیں گے۔ سندھ کے بیشتر شہروں میں رات گئے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

پیش گوئی کے مطابق صوبے کے سب سے بڑے شہر کراچی میں صبح 8 سے 9 بجے کے دوران تیز بارش نہ ہوسکی، شہر کے کچھ علاقوں میں ہلکی ہلکی بارش ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 200 ملی میٹر تک بارش ہوسکتی ہے، شہریوں کو بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کراچی کے بعض علاقوں میں صبح سویرے تیز بارش ہوئی تھی، جبکہ مختلف علاقوں میں رات سے بوندا باندی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ سندھ کے دیگر شہروں میں تیز بارش سے شہری نظام درہم برہم ہو گیا، بجلی غائب ہو گئی اور سڑکیں زیرِ آب آ گئیں۔

مون سون کے تیسرے اسپیل کے باعث کراچی میں کالے بادلوں نے ڈیرے ڈال لیے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس اسپیل کے تحت ہونے والی موسلا دھار بارش سے اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

بارش کا سلسلہ ملیر، قائد آباد، ائیر پورٹ کے اطراف، نرسری، شارع فیصل، نارتھ ناظم، کورنگی، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، صدر، آئی آئی چند ریگر روڈ اور سائٹ ایریا سمیت متعدد علاقوں میں جاری ہے۔

کراچی میں صبح کے اوقات میں درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد ہے۔

حیدرآباد ( Hyderabad ) ، میانوالی ، آزاد کشمیر، ٹنڈوالہ یار اور گرد و نواح میں تیز اور طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

سانگھڑ، تھر پارکر، میرپور خاص، ہالہ، نیو سعید آباد، ٹنڈو آدم، شہداد پور سمیت سندھ کے متعدد علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی، جہاں کئی نشیبی علاقے زیرِ آب زیر آ گئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ ٹنڈو آدم کے محمدی چوک، جمن شاہ، شاہی بازار میں بارش کا پانی جمع ہو گیا۔

شہداد پور کے علاقے جانی پورہ، اسٹیشن روڈ اور سوائی روڈ پر گٹر ابل پڑے۔ مٹیاری، ہالہ، نیو سعید آباد اور بھٹ شاہ میں بھی موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا۔ مارکیٹ چوک، درگاہ روڈ، تھلہ پاڑہ، باگڑی بازار میں بارش کا پانی جمع ہو گیا۔ ٹنڈو محمد خان اور ڈگری میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

اُدھر کوئٹہ ( Quetta ) اور گردونواح میں موسلادھار بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ کے بیشتر اضلا ع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ ژوب، زیارت، بارکھان، لورالائی، بولان، کوہلو، قلات، خضدار، لسبیلہ، نصیر آباد، جعفر آباد میں مزید بارش کا امکان ہے۔

موسم کا حال بتانے والوں نے سبی، مستونگ، کوئٹہ، چمن، پشین، آواران، پنجگور، تربت، اورماڑا، پسنی، جیوانی اور گوادر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش جبکہ کہیں کہیں پر موسلادھار بارش کی بھی پیش گوئی کی ہے۔

ڈیرہ غازی خان

راجن پور میں مسلسل 24 گھنٹوں سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ کا جاری ہے۔ مون سون کے نئے اسپیل نے درہ کاہ اور چھا چھڑ سے آنے والے رود کوہی سیلابی ریلوں نے سیکڑوں دیہات ڈبو دییے۔

سونواہ، چک شہید، پتی جمعہ آرائیں، بستی سہرانی، چوک زرانی، چک شکاری محمد پور گم والا سمیت سیکڑوں دیہات زیر آب آگئے۔ مختلف مقامات پر فلڈ بند ٹوٹنے سے سیلابی پانی مختلف بستیوں اور گھروں میں داخل ہوگیا۔

سوات

سوات میں مینگورہ شہر اور گرد و نواح میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جہاں بالائی علاقوں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

پشاور

پشاور میں اتوار 24 جولائی کو شہر اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ میٹ آفس کے مطابق بارش کا سلسلہ چوبیس گھنٹوں تک وقفہ وقفہ سے جاری رہے گا۔

چترال

اپر چترال ( Chitral ) کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش اور سیلاب سے متعدد رہائشی مکانات کو نقصان، اور مویشی ریلے میں بہہ گئے۔

اپر چترال میں ہفتہ کی سہ پہر اچانک موسلادھار بارش ہوئی جس کے نتیجے میں متعدد دیہات میں سیلابی صورت حال کا سامنا ہے، تریچ گاؤں میں سیلاب انے سے سات گھروں کو مکمل جب کہ متعدد گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے، اچانک سیلاب آنے سے درجن سے زیادہ مال مویشی بھی ملبے تلے دب گئے ہیں۔ متعدد دکان اور پن چکی بھی سیلاب میں بہہ گئے ہیں۔

سیلابی ریلے میں کھڑی فصلیں، باغات اورغیر پھلدار درختوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، تاہم کسی قسم کی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے، اچانک مختلف علاقوں میں سیلاب آنے سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا ہے۔

موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں اپر چترال کے دیگر علاقوں میں بھی سیلابی صورت حال ہے جن میں بونی، تریچ پائین، و دیگر علاقے شامل ہیں۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث چترال مستوج روڈ بونی کے مقام پر ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردی گئی ہے، جب کہ شاہراہ قراقرم سیلابی پانی کے باعث بند کردی گئی ہے۔

لورالائی

لورالائی کے علاقے کچھ عمقزئی میں سیلابی ریلے میں پھنس جانے والی گاڑی کو مقامی شخص نے جان پرکھیل بچا لیا۔ مقامی شخص ٹھیکدار عطاء الرحمان نے سیلابی ریلے میں پھنسے 4 افراد کی جانیں بچائیں۔ چاروں افراد پانی کے بیچوں بیچ گاڑی میں پھنسے ہوئے تھے۔



from Samaa - Latest News https://ift.tt/vxWQl7X

Post a Comment

0 Comments