تحریک انصاف کے ایم پی اے چوہدری مسعود احمد کا کہنا ہے کہ میرا ضمیر گوارا نہیں کرتا کہ پرویزالہیٰ جیسے ڈاکو کو ووٹ دے کر ضائع کروں۔
پنجاب کے نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب کل بروز جمعہ 22 جولائی کو ہونا ہے، اور پنجاب میں سیاسی جوڑ توڑ بھی عروج پر ہے۔
پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے مسلسل الزامات عائد کئے جارہے ہیں کہ ان کے ایم پی ایز کو غیرمعمولی رقوم کے عوض خریدا جارہا ہے، تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے گزشتہ انتخاب میں پی ٹی آئی کی جانب سے چوہدری پرویز الہیٰ کو امیدوار بنانے پر متعدد ایم پی ایز نے ناراضی کا اظہار کیا تھا۔
اب ضمی انتخابات کے بعد پی ٹی آئی کی واضح برتری کے باوجود حتمی طور پر کہا نہیں جاسکتا کہ کل ہونے والے انتخاب میں وزیراعلیٰ پنجاب کا سہرا کس کے سر سجے گا۔
رحیم یار خان کے حلقہ پی پی 257 سے پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری مسعود احمد نے بھی اپنی ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ کو ووٹ نہ دینے کا عندیہ دے دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں چوہدری مسعود احمد نے کہا کہ الحمداللہ میرا ضمیر مجھے گوارا نہیں کرتا کہ میں پرویز الٰہی جیسے ڈاکو کو اپنا ووٹ دے کر ضائع کرو اس لئے میں ملک سے باہر جارہا ہوں واپسی پر اپنے سیاسی مستقبل کا اعلان کروں گا۔
پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی نے چیئرمین تحریک انصاف کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ عمران خان اس کرہ ارض کا سب بڑا جھوٹا انسان ہے اس فتنہ خان کی کسی بھی بات کا یقین نہیں کرنا چاہیے۔
چوہدری مسعود احمد کی اس ٹویٹ پر پی ٹی آئی کے حامیوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، اور ان کے خلاف الزامات کے ساتھ ساتھ بے ہودہ زبان کا بھی استعمال کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ چوہدری مسعود احمد رحیم یار خان کے حلقہ پی پی 257 سے امیدوار تھے اور انہوں نے 2018 کے الیکشن میں 36 ہزار 832 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی۔ ان کے مدمقابل مسلم لیگ ن کے محمد اسلام اسلم 26 ہزار 953 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے تھے۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/eXSOiA5
0 Comments