لاہور میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے پنجاب بار کونسل ( Punjab Bar Council ) کے سیکریٹری اشرف راہی کو قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ رات 12 بجے کے بعد پیش آیا۔ اشرف راہی بادامی باغ میں گاڑی میں جا رہے تھے کہ نامعلوم ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
حملے کے بعد ملزمان باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق اشرف راہی کو سر اور گردن پر گولی لگی، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
میڈیا سے گفتگو میں اہل خانہ کا کہنا تھا کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی۔ لاش جائے وقوعہ سے اسپتال منتقل کے وقت اہل خانہ اور پولیس کے درمیان پوسٹمارٹم کرانے پر تلخ کلامی بھی ہوئی۔
اس موقع پر لواحقین نے بادامی باغ ( Badami Bagh ) کے علاقے میں ٹائر جلا کر احتجاج بھی کیا۔ تاہم بعد ازاں معاملات طے پانے پر لواحقین لاش اسپتال منتقل کرنے پر راضی ہوگئے۔
دوسری جانب وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے سیکریٹری پنجاب بار کونسل کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دے دیا۔
اپنے بیان میں حمزہ شہباز نے ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی ہدایت بھی کی۔ مقتول کےاہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مقتول کے لواحقین کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے۔
میڈیا سے گفتگو میں ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ ملزمان کو ٹریس کرنے کیلئے سی سی ٹی وی اور سیف سٹی کے کیمروں سے مدد لی جائے۔ ڈی آئی جی آپریشنز سہیل چوہدری نے ملزمان کو تنبہہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ نقص امن کا سبب بننے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/KCis7Hp
0 Comments