وزیراعظم نے سیلاب کی صورتحال پر آج اجلاس طلب کر لیا ہے۔
ملک میں ہونے والی حالیہ مون سون بارشوں کے بعد مختلف اضلاع میں تباہی اور سیلاب کی صورتحال پر وزیراعظم شہبازشریف نے اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔
اجلاس میں سیلاب متاثرین کے ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا، جب کہ وزیراعظم کو سیلاب متاثرین کو نقد رقوم اور زرتلافی کی ادائیگیوں پر بریفنگ دی جائے گی۔
اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے امدادی کارروائیوں کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔
سیلابی صورتحال پر وزیراعظم کا آرمی چیف کو فون
گزشتہ روز بھی وزیراعظم شہبازشریف نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور چئیرمین این ڈی ایم اے کو ٹیلی فون کرکے بارشوں اور سیلابی صورتحال پر بات چیت کی۔
آرمی چیف نے وزیراعظم کو پاک فوج کی جانب سے صوبہ سندھ میں امدادی کارروائیوں سے متعلق آگاہ کیا۔ جب کہ وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کے ریلیف کے لئے پاک فوج کے تعاون کو سراہا۔
وزیراعظم نے آرمی چیف کو صوبہ سندھ میں رابطہ سڑکوں اور پلوں کی تباہی کے باعث ہیلی کاپٹرز کی فراہمی کی ہدایت دی، اور کہا کہ ہیلی کاپٹرز کے استعمال سے ریسکیو اور یلیف کی فراہمی میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم نے سندھ میں سیلاب متاثرین کو نقد رقوم کی فوری ادائیگی کے لئے بھی ہدایت جاری کردی۔
وزیراعظم کو چئیرمین این ڈی ایم اے نے بھی ملک میں سیلابی صورتحال کی تازہ ترین رپورٹ سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ہدایت جاری کی کہ سیلاب متاثرین کے ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی کوششوں کو مزید تیز کیا جائے۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/1My6TGa
0 Comments