ملک میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہی کا مداوا کرنے کے لئے چین نے پاکستان کو امدادی سامان بھیجا ہے۔
ملک میں ہونے والی حالیہ مون سون بارشوں کے بعد تباہی اور سیلابی صورتحال نے متعدد اضلاع کو صفحۃ ہستی سے مٹا دیا ہے، ہزاروں خاندان بے سرو سامان کھلے آسمان تلے بے یار و مدد گار بیٹھے ہیں۔
اس سنگین صورتحال میں چین نے ایک بار پھر پاکستان کا حقیقی دوست ہونے کا ثبوت دیا ہے اور پاکستان کو سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے سامان بھیجا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ پاکستان میں سیلاب سے بھاری جانی و مالی نقصان کا اندازہ لگایا ہے، چین نے متاثرین کے لئے 4 ہزار خیمے، 50 ہزار کمبل اور 50 ہزار واٹر پروف شيٹيں فراہم کی ہیں۔
چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم متاثرین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، ہمارے دل سوگوار خاندانوں،زخمیوں اور متاثرین کے ساتھ ہیں۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ نے مزید کہا ہے کہ چین اور پاکستان سچے دوست اور اچھے بھائی ہیں، ہم بڑی قدرتی آفات کے وقت ایک دوسرے کی مدد کيلئے ہروقت تیار رہتے ہیں۔
چینی وزارت خارجہ نے اعلان کیا کہ چینی ریڈ کراس سوسائٹی 3 لاکھ امریکی ڈالر ہنگامی نقد امداد فراہم کرے گی، 25 ہزار خيموں اور ديگر اشياء کی نئی کھيپ جلد پہنچا دی جائے گی۔
وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ چین آفات کی روک تھام، موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف دوطرفہ تعاون کو فروغ دیتا رہے گا، امید ہے کہ پاکستان آفت زدہ علاقوں میں لوگوں کی مشکلات حل کر لے گا۔
واضح رہے کہ سندھ اور بلوچستان کے بعد خیبرپختونخوا میں بھی جاری بارشوں نے پہلے سے ابتر صورتحال کو مزید سنگین کردیا ہے۔ بلوچستان میں سیلاب سے مزید 4 افراد کی جانیں چلی گئیں، جاں بحق افراد کی تعداد 234ہو گئی۔
خیال رہے کہ پاکستان میں مون سون کا رواں سیزن غیر معمولی حد تک طویل اور تباہ کن رہا ہے۔ اب تک مجموعی اعداد و شمار کے مطابق قریب ڈھائی ماہ کے دوران ملک بھر میں سیلاب اور بارشوں کے باعث کم از کم 830 اموات ہو چکی ہیں اور ملک کے 116 اضلاع متاثر ہوئے ہیں۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/5HpkJg1
0 Comments