Ticker

6/recent/ticker-posts

Advertisement

Responsive Advertisement

عمران خان نااہلی ریفرنس؛ کپتان کے وکیل علی ظفر ایک بار پھر غائب

الیکشن کمیشن میں عمران خان کے نااہلی ریفرنس میں کپتان اور ان کے وکیل ایک بار پھر پیش نہیں ہوئے اور انہوں ںے جواب جمع کرانے کے لئے تیسری بار بھی وقت مانگ لیا۔

الیکشن کمیشن میں توشہ خانہ تحائف ظاہر نہ کرنے پر عمران خان نااہلی ریفرنس پر سماعت ہوئی، عمران خان نے مسلسل تیسری مرتبہ جواب جمع کرانے کیلئے وقت مانگ لیا ہے۔

آج پھر سماعت میں کپتان کے وکیل اور پارٹی کے سینیٹر علی ظفر ایک بار پھر غائب ہوگئے، اور ان کی جگہ ان کے معاون وکیل بیرسٹر گوہر پیش ہوئے۔

بیرسٹر گوہر نے الیکشن کمیشن میں استدعا کی کہ جواب جمع کرانے کیلئے مزید ایک ہفتے کا وقت درکار ہے، علی ظفر لاہور میں ہیں اس لئے ان سے مشاورت نہیں ہوسکی۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ سب کچھ تو ریکارڈ کا حصہ ہے،اتنا وقت لگنا نہیں چاہئے۔

معاون وکیل بیرسٹر گوہر نے جواب دیا کہ کوشش ہوگی کہ آئندہ سماعت تک جواب جمع کرا دیں، ذاتی طور پر وقت مانگ رہا ہوں کمیشن 2 ہفتے دے دے۔ کمیشن نے عمران خان کو جواب جمع کرانے کیلئے 7 ستمبر تک وقت دے دیا۔

عمران خان کو سماعت میں ساتھ کھڑا ہونے کا چیلنج

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا کا کہنا تھا کہ عمران خان صادق اور امین نہیں توشہ خانہ کا چور ہے، پی ٹی آئی والوں کو اس شخص میں کیا نظر آیا ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ امت مسلمہ کا لیڈر کہلانے والا 3500 کا ٹی سیٹ بھی نہیں چھوڑتا، امت مسلمہ کا لیڈر توشہ خانہ سے عربی چوغا بھی لیکر بھاگ گیا، پورا توشہ خانہ بنی گالہ لے گئے،مثالیں ریاست مدینہ کی دیتے ہیں۔

محسن شاہنواز نے کہا کہ عمران خان کو چیلنج کرتا ہوں آئندہ سماعت پرمیرے ساتھ کھڑا ہو، اگر میرے الزامات غلط ثابت ہوئے تو سیاست چھوڑ دوں گا، عمران خان کی آمدن میں کروڑوں روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب کی وجہ سے ہمارا دل دُکھی ہے اور نوازشریف نے بھی کہا سیاست چھوڑ کر متاثرین کی مدد کریں، لیکن یہ جلسے کر رہے ہیں، جلسوں میں عمران خان توشہ خانہ کی وضاحت بھی دیں۔

محسن شاہنواز کا کہنا تھا کہ یہ لوگ ہر بار کوشش کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن سے تاریخ مل جائے، خدشہ ہے اگلی بار کہیں گے ہمارے اکاؤنٹنٹ اور وکیل کا دفتر سیلاب میں بہہ گیا، آئندہ تاریخ پر ہماری کوشش ہوگی کہ عمران خان کو مزید وقت نہ ملے۔



from Samaa - Latest News https://ift.tt/ShbCZek

Post a Comment

0 Comments