وزیراعظم شہبازشریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج شام 4 بجے طلب کرلیا۔
وزیراعظم کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا جس میں اعلیٰ عسکری اور سول قیادت شریک ہوگی۔
اجلاس میں سیلاب سے پیدا شدہ صورت حال ،سیکیورٹی معاملات اور وزیراعظم ہاؤس آڈیولیکس کے معاملے پرمشاورت ہوگی۔
خیال رہے کہ آج پریس کانفرنس کے دوران آڈیو لیکس سے متعلق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آڈیولیکس کامعاملہ بہت سنجیدہ ہے، اس طرح کے سیکیورٹی بریچ بہت بڑا سوالیہ نشان ہیں، یہ وزیراعظم ہاؤس کی نہیں ریاست پاکستان کے وقارکی بات ہے، اس معاملے پر کمیٹی بنارہا ہوں، جو اس معاملے کی تہہ تک پہنچےگی، حقائق عوام کے سامنے رکھیں گے۔
وزیراعظم ہاؤس سے مبینہ آڈیو لیک کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کرانے کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس کے عملے کو بھی شامل تفتیش کیا جائے گا۔ ٹیم جائزہ لے گی کہ واقعے کے وقت کون کون وزیراعظم ہاؤس میں موجود تھا، سیکیورٹی پر مامور سول ادارے کا ڈائریکٹوریٹ بھی شامل تفتیش ہوگا۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/Nl9Dg4m
0 Comments