Ticker

6/recent/ticker-posts

Advertisement

Responsive Advertisement

جب تک زندہ ہوں چوروں سے مقابلے کیلئے قوم کو تیار کروں گا، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ جب تک زندہ ہوں چوروں سے مقابلے کیلئے قوم کو تیار کروں گا۔

سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ جانوروں کے معاشرے میں انصاف نہیں ہوتا، دنیا کا کوئی ملک ایسا نہیں جہاں انصاف کا نظام ہو اور وہ خوشحال نہ ہو۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارا ملک دوراہے پر ہے، ایک جانب تباہی ہے اور دوسری جانب اس پاکستان کی جدوجہد ہے جس کے لئے یہ ملک بنا تھا۔ملک میں بیرونی سازش کے تحت ہم پر چوروں کو مسلط کیا گیا، اس کے بعد بھی قوم اگر ناانصافی کے سامنے سر جھکاتی ہے تو پھر سامنے موت ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آج کوئی پاکستان کو قرض دینے کو تیار نہیں، ہم قرض بھی واپس نہیں کرسکتے، ہماری کرنسی پر دباؤ ہے۔ صنعتیں بند ہورہی ہیں، کسان سڑکوں پر ہیں، چوروں نے ملک کا بیڑا غرق کیا، انہوں نے صرف ایک ہی کام کیا اور وہ یہ کہ انہوں نے اپنی کرپشن کے کیسز ختم کئے۔

ارشد شریف کی تعریف کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ارشد شریف کو معلوم تھا کہ اس کی جان خطرے میں ہے، صرف اس لئے اسے دھمکیاں دی جاتی تھیں کہ وہ سازش کے خلاف کھڑا تھا۔ اسے گھر میں بھی دھمکیاں دی گئیں دبئی سے کینیا گیا تو لوگوں نے وہاں بھی اس کا پیچھا نہیں چھوڑا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ اللہ نے حق اور سچ کے ساتھ اور برائی کے خلاف کھڑے ہونے کا حکم دیا ہے، اللہ نے کہیں بھی نیوٹرل رہنے کا حکم نہیں دیا، ہمیں کہا گیا کہ ہم نیوٹرل ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ’’یہ بالکل ایسے ہے کہ جیسے آپ کے گھر ڈاکا پڑ جائے اور چوکیدار کہے کہ میں نیوٹرل ہوں ، میں کچھ نہیں کرسکتا‘‘۔ اللہ نے ظلم اور ناانصافی کے سامنے کھڑا ہونے کا حکم دیا ہے، تمام انبیاء حق کی راہ پر کھڑے ہوئے، انبیائے کرام علیہم السلام کے بعد اولیائے کرام آئے تو وہ بھی حق کی راہ پر کھڑے رہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نامعلوم نمبر سے فون آتا ہے تو سب ڈر جاتے ہیں، یہ اس ملک کا سب سے بڑا المیہ ہے، یہ مارچ نہیں انقلاب ہے، ان چوروں کو کبھی قبول نہیں کروں گا، اللہ جسے جتنا زیادہ دیتا ہے اس سے اتنا ہی زیادہ حساب ہوگا، مجھ پر معلوم نہیں کتنے مقدمات بنائے گئے ہیں تاکہ میں ڈر جاؤں، جب تک زندہ ہوں چوروں سے مقابلے کیلئے قوم کو تیار کروں گا۔



from Samaa - Latest News https://ift.tt/WDjxrJT

Post a Comment

0 Comments