Ticker

6/recent/ticker-posts

Advertisement

Responsive Advertisement

قانون سازوں کو سمجھ نہیں آتی کہ ان سے پارلیمنٹ نہیں چلتی تو نہ بیٹھیں، اسلام آباد ہائی کورٹ

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ یہ بات قانون سازوں کو سمجھ نہیں آ رہی کہ پارلیمنٹ سے معاملات ہینڈل نہیں ہوتے تو وہاں نہ بیٹھیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے فاضل جج جسٹس محسن اختر کیانی نے اسلام آبادمیں بلدیاتی الیکشن ملتوی ہونےسے متعلق درخواست پر سماعت کی۔

اسلام آبادہائی کورٹ نے بلدیاتی الیکشن سے متعلق وفاقی حکومت کے رویے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ کیا وفاقی حکومت پہلے سوئی ہوئی تھی؟ 2سال سے اسلام آباد مقامی حکومتوں سےمحروم ہے، لوکل باڈیز نہ ہونے کی وجہ سے پولیس آرڈر پر بھی عمل نہیں ہورہا، پہلے پی ٹی آئی کی دلچسپی نہیں تھی اب اس حکومت کی بھی نہیں ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ لوکل باڈی کا فنڈ سی ڈی اے کیوں استعمال کرےگا؟عدالت نے پہلے فیصلہ دے رکھا ہےکہ سی ڈی اے یہ فنڈز استعمال نہیں کرسکتا۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ کیا حکومت بیان حلفی کے ساتھ بلدیاتی انتخابات کی تاریخ دے سکتی ہے؟ کیا حکومت بتا سکتی ہے کہ اتنے عرصے میں نئی حلقہ بندیاں کر کے الیکشن کروا دینگے؟ کیا وفاقی حکومت الیکشن کے شیڈول کے اعلان کے بعد یونین کونسلز کی تعداد بڑھا سکتی ہے؟آپ 250 یونین کونسلز بنادیں کوئی فرق نہیں پڑنے والا ۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ حکومت نے ایک آرڈیننس جاری کیا تھا۔

جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پارلیمنٹ جب موجود ہو تو آرڈیننس کیوں لایا جاتا ہے؟ ہم نے آرڈیننس فیکٹری تو نہیں بنانی، یہ بات قانون سازوں کو سمجھ نہیں آ رہی، پارلیمنٹ سے معاملات ہینڈل نہیں ہوتے تو وہاں نہ بیٹھیں۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایاکہ بلدیاتی قانون سے متعلق ایک ترمیم پارلیمنٹ سے پاس ہو چکی ہے، صدر پاکستان کی جانب سے ترمیم پر دستخط ہونا باقی ہیں۔

دوران سماعت جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ پارلیمنٹ کچھ دن بعد نیا قانون بنانا شروع کر دے تو الیکشن پھر ملتوی ہو جائیں گے؟ کیا الیکشن کمیشن نے کبھی قومی اور صوبائی اسمبلی کے انتخاب ملتوی کیے ہیں؟ یہ انتخابات اس لیے ملتوی ہوئے ہوں کہ بلدیاتی انتخابات پہلے ہونے ہیں؟۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق درخواست غیر موثر قرار دے دی۔



from Samaa - Latest News https://ift.tt/MKl3V8k

Post a Comment

0 Comments