مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجاز الحق کا کہنا ہے کہ عمران خان کو واضح کیا ہے اسٹیبلشمنٹ کے خلاف بولے تو ساتھ کھڑے نہیں ہوں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران اعجاز الحق نے کہا کہ مجھ پر 1.8 ارب کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے، بغیر نوٹس کو پڑھے اسے غلط طریقے سے نشر کیا گیا، یہ بتادیں کہ 1.8 ارب ڈالر ہیں یا ریال، یہ قطری رقم ہے یا کوئی اور کرنسی۔
سربراہ مسلم لیگ (ض) نے کہا کہ میرے والد (ضیاء الحق) نے پاکستان کو نہ صرف ایٹمی طاقت بنایا بلکہ بھارت کو پیغام بھی دیا، بے نظیر بھٹو مرحوم نے ڈاکٹر بشارت الہی کو بتایا تھا کہ جنرل ضیاء الحق ایماندار ہیں، والد کے اکاؤنٹ میں 2 لاکھ 45 ہزار روپےتھے۔
اعجاز الحق نے کہا کہ ہم فوج کے ساتھ ہیں، میرے والد نے وردی میں جان دی میں تو اسٹیبلشمنٹ کو نہیں چھوڑ سکتا، وہ چھوڑ دیں تو کہہ نہیں سکتا، اداروں کے خلاف نعروں پر دکھ ہوتا ہے۔ عمران خان کو واضح کیا ہے اسٹیبلشمنٹ کے خلاف بولے تو ساتھ کھڑے نہیں ہوں گے، میں برداشت نہیں کروں گا کہ فوج کے خلاف کوئی بات کرے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کو بحران سے نکالنے کا واحد حل انتخابات ہیں، فوری انتخابات ہونے چاہییں، سب کو اپنی انا اور ضد چھوڑنی چاہیے۔ میں اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کررہا ہوں، جب تک اتفاق رائے نہیں ہوگا الیکشن کوئی نہیں مانے گا، حکومت تحریک انصاف کو خود اسمبلی میں آنےکی دعوت دے۔
اعجاز الحق نے مزید کہا کہ ملک کا وزیر دفاع دیوالیہ کی بات کررہا ہو تو حالات کا اندازہ تو ہو جاتا ہے، میں ملک کے لئے فکر مند ہوں، 6 مرتبہ اسمبلی کا رکن بنا اب تو الیکشن لڑنے کو دل نہیں کرتا، عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ ملک کا سوچیں اپنا اپنا کردار ادا کریں، ماضی میں سابق آرمی چیف عبدالوحید کاکڑ نے کردار ادا کیا، اسٹیبلشمنٹ اب بھی کردار ادا کرے۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/rte4gQE
0 Comments