پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کا ساتھ چھوڑنے والوں میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے، سابق ایم پی اے چوہدری ارشاد آرائیں نے بھی پی ٹی آئی سے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔
بورے والا سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی رہنماء سابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدری ارشاد آرائیں نے بھی پی ٹی آئی سے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعے کی شدید مذمت کرتا ہوں، نہ پی ٹی آئی کا عہدیدار ہوں نہ ٹکٹ ہولڈر ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ فوجی تنصیبات پر حملے کسی صورت قابل قبول نہیں، فوج ہماری محافظ ہے جس سے سکون کی نیند سوتے ہیں، 9 مئی کے سانحہ میں ملوث شرپسندوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
چوہدری ارشاد آرائیں نے دفتر سے پاکستان تحریک انصاف کا پینا فلیکس اتار کر پاک فوج سے اظہار یکجہتی پر مبنی بینرز آویزاں کردیئے۔
دوسری جانب سرگودھا سے تعلق رکھنے والی سابق رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نادیہ عزیز نے بھی تحریک انصاف چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا، وہ آج شام 5 بجے پریس کانفرنس میں پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کریں گی۔
واضح رہے کہ سابق رکن پنجاب اسمبلی ملک خرم علی خان بھی پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی چھوڑ نے کا اعلان کرچکے ہیں۔
اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور فوج مخالف بیانیے کے ساتھ بالکل نہیں چل سکتے، 9 مئی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
خرم علی خان نے کہا کہ اپنی سیاست چمکانے کیلئے قومی سلامتی کے اداروں کی حرمت سے کھیلنا انتہائی افسوسناک ہے۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/ZIfBuqO
0 Comments