ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے تحت اے ایس ایف ہیڈ کوارٹرز سمیت تمام یونٹس میں یومِ تکریم شہدائے پاکستان انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور ملکی استحکام کیلئے دعاؤں سے ہوا، تقاریب میں ڈائریکٹر جنرل کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔
ایئرپورٹ سیکیورٹی فورسز کے زیر اہتمام یوم تکریم شہداء کی مرکزی تقریب اے ایس ایف ہیڈ کوارٹرز کراچی میں منعقد ہوئی، ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔
تقریب میں شہداء پاکستان کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف میجر جنرل عدنان آصف جاہ شاد ہلالِ امتیاز (ملٹری ) نے کہا کہ مادر وطن کی خاطر جان نچھاور کرنیوالے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، شہید ہمارا فخر ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ شہیدوں کے خون سے وفا کا تقاضہ ہے کہ ہم دشمن کو ایک آواز سے یہ پیغام دیں کہ ساری قوم شہدا وطن کی عظمتوں کی معترف ہے اور جب کبھی ملک کے دفاع اور بقاء کی بات ہوگی، پوری قوم پاکستان کی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔
ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف نے مزید کہا کہ مادر وطن کی خاطر کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/4sT0qp3
0 Comments