پاکستان ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے بیٹنگ پوزیشن پر کمنٹس کے بعد محمد رضوان کو ٹیم سے ڈراپ کئے جانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ محمد رضوان ایک شاندار بلے باز ہے، ٹیم کا بیلنس دیکھتے ہوئے بیٹنگ آرڈر ترتیب دیتے ہیں۔
بیٹنگ پوزیشن پر تنقید کے بعد محمد رضوان کو نیوزی لینڈ کیخلاف میچ کیوں نہیں کھلایا گیا، ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر نے وجہ بتادی۔
ان کا کہنا ہے کہ محمد رضوان ایک شاندار بلے باز ہے، ٹیم کے بیلنس کو دیکھتے ہوئے بیٹنگ آرڈر ترتیب دیتے ہیں، ایسا نہیں ہے کہ رضوان کے کمنٹس کے بعد انہیں اگلے میچ میں نہیں کھلایا گیا۔
مکی آرتھر نے مزید کہا کہ محمد رضوان چوتھے ون ڈے میچ سے پہلے انجری کا شکار ہوگئے تھے، میڈیا پر دیئے گئے بیان کے بعد محمد رضوا ن سے بات کی تھی، انہیں بات چیت میں پیار سے سمجھانے کے ساتھ ساتھ تھوڑا ڈانٹا بھی تھا۔
ٹیم ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ بابر اعظم ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتر ہورہے ہیں، ان میں میچورٹی آرہی ہے، میرے دل میں ان کیلئے بڑی عزت ہے، وہ ایک شاندار انسان کے ساتھ بہترین کھلاڑی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت بابر کو مزید بہتر ہونا ہے، انہیں بہت کچھ سیکھنے کی ضرورت ہے، تینوں فارمیٹس میں بابر کی کپتانی کو سپورٹ کریں گے۔
مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ صائم ایوب سمیت پاکستانی ٹیم میں بہت شاندار نیا ٹیلنٹ موجود ہے، ٹیم میں اگر کوئی ذاتی ریکارڈز بہتر بنانے کیلئے کھیلتا ہے تو میں یہ یقینی بناؤں گا کہ ایسا نہ ہو، ٹی 20 میچ میں 18 گیندوں پر 40 رنز کی اہمیت 64 گیندوں پر 70 رنز سے زیادہ ہوتی ہے۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/upelarY
0 Comments