عید چھوٹی ہو یا بڑی ، ہر کوئی اپنوں کے ساتھ عید مناتے ہیں لیکن پاک فوج کے جوان وطن کی حفاظت اور عوام کی خوشی کے لئے اپنی خوشیاں قربان کرتے ہوئے پہاڑی چوٹیوں پر عید گزارتے ہیں۔
دشوار گزار پہاڑی سلسلوں میں دہشتگردوں سمیت کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے جان ہتھیلی پر رکھے پاک وطن کے محافظ ملک کی جغرافیائی سرحدوں کا دفاع یقینی بنانے والوں کے حوصلے آسمان کو چھوتی چوٹیوں سے بھی بلند ہیں۔
جغرافیائی سرحدوں کا دفاع یقینی بنانے کےلیے پاک افغان سرحد پر موجود کمپنی کمانڈر میجر فیاض کا کہنا ہے کہ اگر آپ اپنی قوم کی خدمت کرتے ہوئے چلے جائیں گے تو ایک زمانے تک دنیا اپ کو یاد رکھے گی ، شہید ویسے بھی زندہ ہوتا ہے اور ہر انسان کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کو اس طرح یاد رکھا جائے کہ ہاں یہ وہ بندہ ہے جو ہمیں بچاتے ہوئے مارا گیا تھا۔
پاک فوج کے یہ جوان اپنے گھر والوں سے تو دور ہیں، لیکن وطن کی مٹی پر جان نچھاور کرنے والے شہید ساتھیوں کو نہ ہی ان کے ورثاء کو بھولے ہیں۔ ونگ کمانڈر حسن شبیر کا کہنا ہے کہ جو والدین اپنی سب سے قیمتی چیز قربان کر دیتے ہیں تو وہ بھی قوم سے یہی امید رکھتے ہیں کہ ان کی قربانیوں کو یاد رکھا جائے، میں سیلوٹ کرتا ہوں ان والدین کو اور ان کی ہمت و حوصلے کو ، دونوں ہاتھوں سے ان کو سلام پیش ہے۔
دوسری جانب سوات کے بلند وبالا پہاڑوں پر پاک فوج کے جوانوں نے عید کی نماز پڑھی، گلے ملے، قربانی کا اہتمام کیا۔ عید کے موقع پر جوانوں نے ایک ساتھ بیٹھ کرکھانا بھی کھایا۔
جوانوں کا کہنا تھا کہ گھر کی یاد آتی ہے لیکن ساتھی عید گزارنے گھر گئے ہیں ہم اس جذبے کے ساتھ ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں کہ ہمارے ساتھی بھی عید منائے اور قوم کی بھی عید اچھی گزرجائے، شکر ہے ہم پاکستان آرمی کا حصہ ہیں، فخر ہے کہ ہم ڈیوٹی دے رہے ہیں عید یہاں گزرے یا گھر پر لیکن اس میں ثواب بھی ہے۔
سرحدی محافظوں کا کہنا تھا کہ عید پر گھر کی یاد تو آتی ہے لیکن ہم یہاں مل جل کر عید منارہے ہیں اورکھیلتے بھی ہیں اور جو ڈیوٹی ہم انجام دے رہے ہیں ہماری کوشش ہی یہی ہوتی ہے کہ شہری امن سے رہے۔
پاک فوج کے جوان عوام کےلئے اپنی خوشیاں قربان کرتے ہوئے پہاڑی چوٹیوں پر عید گزار رہے ہیں، ملک دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملاتے یہ نوجوان پوری قوم کا فخر ہیں۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/3ibfHME
0 Comments