لاہور میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے اور چھتیں گرنے کے واقعات میں ایک نوجوان جاں بحق اور خاتون و بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ٹاؤن شپ کے علاقے پنڈی اسٹاپ کے مقام پر کرنٹ لگنے سے ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق بارش کے بعد پنڈی اسٹاپ کے مقام پر بڑی مقدار میں پانی جمع تھا اور اسی دوران بجلی کا تار ٹوٹ کر گرگیا۔ کرنٹ نے موقع پر موجود 2 افراد، جن کی شناخت 15 سالہ حمزہ یوسف اور 14 سالہ علی عباس کے ناموں سے ہوئی، کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
بروقت امداد نہ ملنے پر حمزہ یوسف موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ علی عباس کو علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بچا لیا، زخمی کو علاج کیلئے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
دوسری طرف فیروزپور روڈ پر واقع صوآصل چوکی کے قریب مکان کی چھت گرگئی، جس کے ملبے تلے دب کر ایک ہی خاندان کے 4 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق صو آصل چوکی کے قریب واقع ایک گھر کی لکڑی سے بنائی گئی چھت گرگئی ہے، جس میں 50 سالہ جان محمد ولد عبداللہ، 47 سالہ بشریٰ زوجہ جان محمد، 6 سالہ مبشر ولد جان محمد اور 4 سالہ علیزا ولد جان محمد زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کیلئے جنرل اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق علی حسین آباد کے علاقے مراکہ کوارٹر میں واقع ایک اور مکان گھر کی چھت گرگئی جس کے ملبے تلے دب کر ایک شخص زخمی ہوگیا، زخمی کو علاج کیلئے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/PFbQv9y
0 Comments