Ticker

6/recent/ticker-posts

Advertisement

Responsive Advertisement

بارشوں اور سیلاب سے اموات کی تعداد 14 ہوگئی، مزید بارش کی پیشگوئی، الرٹ جاری

ملک بھر میں مون سون سیزن کے دوران شدید بارشوں کے باعث دو روز کے دوران مختلف حادثات میں بچوں سمیت 14 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے بحرین میں گھر پر پہاڑی تودہ گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ واقعے میں ملبے تلے دبے 3 افراد کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا۔

دوسری جانب پنجاب کے ضلع پاکپتن میں بارش کے باعث کرنٹ لگنے سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق کرنٹ لگنے سے جاں بحق افراد میں2 سالہ عائشہ، 32سالہ رمضان اور وقاص شامل ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی ملک بھر میں مون سون سیزن کے دوران شدید بارشوں سے مختلف حادثات میں بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

مزید بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، خطہ ٔپوٹھوہارسمیت پنجاب، شمال مشرقی اورجنوبی بلو چستان ،خیبر پختونخوا اورسندھ میں آندھی، تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ مزید موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

اعلامیے کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، پنجاب، سندھ، بلوچستان ،خیبر پختونخوا،کشمیر اورگلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقا مات پر موسلادھار بارش بھی ہوئی،جبکہ زیا دہ سے زیادہ درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق نوکنڈی اور دالبندین میںدرجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے مزید کہا ہے کہ 22 سے26 جولائی کےدوران اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ اورلاہور میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ جبکہ مری،گلیات،کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختو نخواہ کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

اسی طرح ایبٹ آباد، راولپنڈی، اسلام آباد کے مقامی ندی نالوں جبکہ 22 اور 23 جولائی کے دوران ڈیرہ غازی خان اور شمال مشرقی اورجنوبی بلوچستان کے علاقوں بارکھان ، کوہلو، شیرانی، ہرنائی،بولان، لورالائی، خضدار، لسبیلہ، کیچ، تربت، آواران، پسنی، اورماڑہ، گوادار اورگردونواح) کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق22سے 24 جولائی کے دوران موسلادھار بارش کے باعث زیریں سندھ تھرپارکر ، عمرکوٹ ، میرپور خاص، سانگھڑ ، خیرپور، ، کشمور، گھوٹکی، نوشہرو فیروز، شہید بینظیر آباد، مٹیاری، حیدرآباد، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، کراچی اور حیدرآباد کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو سکتا ہے۔

این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق آئندہ دو تین روز کے دوران فلیش فلڈنگ اور موسمی نالوں میں طغیانی اور اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

اعلامیے کے مطابق شمالی پنجاب اور جنوبی خیبرپختونخوا کے دریاؤں میں تیز بہاؤ کا بھی امکان ہے ۔ بارشوں سے سندھ میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، اسلام آباد اور راولپنڈی میں اربن فلڈنگ اور نالہ لئی میں طغیانی کا خدشہ ہے ۔

این ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ عوام کیلئے پیشگی اطلاع وحفاظتی تدابیر کی تشہیر کی جائے ، کسی قسم کی ہنگامی صورتحال سےنمٹنے کیلئے مشینری تیار رکھی جائے ، نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کی نقل مکانی کیلئےانتظامات کئےجائیں۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے بھی پنجاب میں 23 سے 29 جولائی کے دوران مزید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا۔ پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس سے درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔



from Samaa - Latest News https://ift.tt/VvHsy1g

Post a Comment

0 Comments