لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے مونس الٰہی کی اہلیہ تحریم الٰہی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے دائر درخواست پر سماعت سے معذرت کرلی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر کے روبرو تحریم الٰہی کی درخواست سماعت کیلئے پیش کی گئی، جس میں مونس الٰہی کی اہلیہ نے اپنا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا اور ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکلوانے کی استدعا کی۔
جسٹس فاروق حیدر نے ذاتی وجوہات کی بناء پر درخواست پر سماعت سے معذرت کرلی۔ انہوں نے درخواست اس سفارش کیساتھ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دی کہ اسے سماعت کیلئے کسی دوسرے بینچ میں پیش کیا جائے۔
سابق وفاقی وزیر کی اہلیہ کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ تحریم الٰہی کے پاس دوہری شہریت ہے، ان کے بچے برطانیہ میں رہائش پذیر ہیں، جن سے ملاقات کیلئے بیرون ملک جانا ہے۔
درخواست میں بتایا گیا کہ مونس الٰہی کی اہلیہ کا نام سیاسی بنیادوں پر ای سی ایل میں شامل کیا گیا، درخواست میں استدعا کی گئی کہ تحریم الٰہی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے خارج کرکے انہیں بیرون ملک سفر کی اجازت دی جائے۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/d5MZWpC
0 Comments