اسلام آباد کی سیشن عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔
دوران سماعت پی ٹی آئی لیگل ٹیم نے ہائیکورٹ میں دائر درخواست کی کاپی جمع کرادی، بیرسٹر گوہر نے عدالت کو بتایا کہ آج ہائیکورٹ میں درخواست پر سماعت کی کازلسٹ منسوخ ہوگئی، استدعا ہے ہفتے کو سماعت رکھیں،کل سارا دن ہائیکورٹ میں ہوں گے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ کل تک سماعت ملتوی کر رہے ہیں،روزانہ کی بنیاد پر سماعت کریں گے۔
دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل اور جج کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا،جج نے پی ٹی آئی وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آج آپ کی کوئی بات نہیں سن رہے کل دیکھا جائے گا، جس پر وکیل شیر افضل مروت نے کہا کہ آپ آپ اس طرح نہیں کر سکتے۔
معزز جج نے کہا کہ لگتا ہے آپ کو اسی مقصد کیلئے لایا گیا ہے، جس پر پی ٹی آئی وکیل نے کہا کہ اگرمیں یہ کہوں کہ آپ کو اس کیس کے لیے لایا گیا ہے تو؟ عدالت نے کہا کہ آپ کے اس رویئے کی وجہ سے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتاہوں۔
جج اور وکیل کے درمیان مندرجہ بالا جملوں کے تبادلے کے بعد پی ٹی آئی لیگل ٹیم کے رکن بیرسٹرع گوہر نے شیر افضل مروت کو کندھے پر تھپکی دیکر باہر جانے کی ہدایت کردی، بیرسٹر گوہر نے کہا کہ صبح 11 بجے تک سماعت ملتوی کر دیں، ہم کل پیش ہو جائیں گے۔ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا جبکہ گواہان کو بھی پیش ہونے کی ہدایت کردی۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/7fRdTFj
0 Comments