نگران وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس جاری ہے، نگران وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ترقی کی بنیاد رکھنے کی کوشش کریں گے، اقلیتوں کو ہر صورت تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
نگران وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت اسلام آباد میں جاری ہے، جس میں نگران وزراء، معاونین اور مشیران شریک ہیں، سیکریٹری کابینہ اعزاز ڈار وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شریک ہوئے اور وزراء کو کابینہ اجلاس کے رولز اینڈ پروسیجرز پر بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق وزارتوں کے سیکریٹریز اور حکام کو کابینہ اجلاس میں نہیں بلایا گیا، نگران وزیراعظم اپنی کابینہ کو آئندہ کی حکمت عملی پر ہدایت دیں گے۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے نگران کابینہ ارکان کا اجلاس میں استقبال کیا، وزراء نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ میرے ساتھ ایک انتہائی قابل اور تجربہ کار ٹیم ہے، اللہ تعالیٰ ہمیں سرخرو کرے گا، پاکستان زرعی ملک ہے، ہمارے پاس قدرتی وسائل موجود ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ترقی کی بنیاد رکھنے کی کوشش کریں گے، آئی ٹی سیکٹر کو فروغ دیں گے، ملکی اور غیر ملکی سطح پر ہونیوالے وعدے پورے کریں گے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اقلیتوں کا تحفظ فراہم کریں گے، پاکستان میں تمام مذاہب اور عقائد کے لوگوں کے برابر حقوق ہیں، قانون پر عمل سے ہی ملک میں قانون کی حکمرانی ہوگی، قدامت پسند رجحانات کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ ہمیں الفاظ سے نہیں عمل سے خود کو منوانا ہوگا، قانون کی حکمرانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونے دیں گے، 9 مئی کے واقعات انتہائی پریشان کن تھے۔
واضح رہے کہ 18 رکنی وفاقی کابینہ نے گزشتہ روز حلف اٹھایا تھا، جس میں 11 وزراء اور 7 معاونین شامل تھے۔
وفاقی نگران کابینہ کی تشکیل کا نوٹیفکیشن بھی کل ہی جاری کردیا گیا تھا، جس کے مطابق وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے 10 محکمے اپنے پاس رکھے ہیں، ان میں وزارت ہاؤسنگ، بین الصوبائی رابطہ، فوڈ سیکیورٹی، زراعت اور سیفران، کابینہ، اسٹیبلشمنٹ، نیشنل سیکیورٹی ڈویژنز، مشترکہ مفادات کونسل کے محکمے شامل ہیں۔
نگران وفاقی کابینہ میں مرتضیٰ سولنگی، ڈاکٹر عمر سیف، سرفراز بگٹی، ڈاکٹر شمشاد اختر، اشرف تارڑ، گوہر اعجاز، جلیل عباس جیلانی اور جمال شاہ شامل ہیں۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/Eb026lC
0 Comments